رمضان المبارک میں مساجد، بازاروں اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کا پلان مکمل

رمضان المبارک میں مساجد، بازاروں اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کا پلان مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(وقائع نگار خصوصی) رمضان المبارک میں شہریوں کے تحفظ کیلئے اور خصوصی طور پر سحر و افطار اور تراویح کے اوقات کار کے دوران سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے صوبے بھر میں سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس پلان پر عملدرآمد رمضان المبارک سے ایک دن پہلے شروع کر دیا جائے گاجو عید الفطر کے اختتام تک جاری رہے گا۔ماہِ رمضان کے دوران پنجاب پولیس ،ٹریفک پولیس، پولیس قومی رضا کار اورپرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ سمیت75ہزار 6سو 28جوان ڈیوٹیوں پر موجود رہیں گے جو پنجاب میں موجود 29ہزار 6سو32مساجداور3ہزار 7سو66امام بارگاہوں کے علاوہ اہم بازاروں ، رمضان بازاروں، بنک، جیولری شاپس، اہم عمارات ، بس ٹرمینلزاور ٹیکسی سٹینڈز پر سیکیورٹی کے فرائض ادا کریں گے ۔جبکہ سادہ لباس میں اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر موجود رہیں گے۔رمضان ڈیوٹی کے دوران تمام شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں ، اہم بازاروں، رمضان بچت بازاروں ، مساجد اور امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے لئے تقریباََ 200واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ جن پر سرچ کے لئے تقریباََ12ہزار1سو 97 میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کیے جائیں گے۔صوبے بھر میں ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے اور خصوصی طور پر رمضان بازاروں میں ٹریفک مینجمنٹ کے لئے تمام بڑے شہروں میں ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک افسران پلان کے مطابق ڈیوٹی انجام دیں گے ۔جس کے متعلق ان کو پہلے سے بریفنگ دے دی گئی ہے۔ جبکہ صرف میٹرو پولیٹن لاہور اور اس میں لگا ئے جانے والے 27رمضان بازاروں میں 108 ٹریفک وارڈنز، 54پٹرولنگ آفیسرز، 52انسپکٹرز اور 8ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی رمضان ڈیوٹی ادا کریں گے۔ ٹریفک پلان پر عملدر آمد کے لئے سی ٹی او لاہور، طیب حفیظ چیمہ براہِ راست مانیٹرنگ کریں گے۔دریں اثناء آئی جی پنجاب، مشتاق احمد سکھیر انے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تا کہ ان کی حفاظت کے لئے بنائے گئے رمضان سیکیورٹی پلان پر بھرپورطریقے سے عملدر آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی پلان

مزید :

صفحہ آخر -