پنجاب کے بجٹ میں زرعی شعبہ کو ترجیح دینا خوش آئند ہے،میاں زاہد حسین

پنجاب کے بجٹ میں زرعی شعبہ کو ترجیح دینا خوش آئند ہے،میاں زاہد حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( اکنامک رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی طرح پنجاب کے بجٹ میں بھی زرعی شعبہ کو ترجیح دینا انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ذاتی دلچسپی لے کر بجٹ میں زراعت اور اسکے سب سیکٹرز کیلئے 147 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس سے لائیو سٹاک، ایریگیشن، جنگلات، اور خوراک سمیت متعدد شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر اس شعبہ کو طویل عرصہ تک مسلسل نظر انداز کیا گیا تھا جس سے کاشتکاروں کی حالت خراب جبکہ شرح نمو میں کمی ریکارڈ کی گئی مگر اب صورتحال بدل جائے گی۔ زرعی شعبہ چوالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے جبکہ جی ڈی پی میں اسکا حصہ اکیس فیصد ہے جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے برامدی سیکٹر ٹیکسٹائل کا ستر فیصد خام مال بھی زرعی شعبہ سے آتا ہے۔ اسکے علاوہ زراعت ہی ملک میں فوڈ سیکورٹی کی صورتحال کو قابل اطمینان حد میں رکھتی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ زراعت پر توجہ دئیے بغیر جی ڈی پی بڑھانے، صنعتی ترقی اور دیہی آبادی کا معیار زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انھوں نے کہا کہ زرعی پالیسیوں کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے اور چھوٹے کاشتکاروں کو پالیسی سازی کے عمل میں مستقل بنیادوں پر شریک کیا جائے۔ مرکزی اور صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کرے کہ بجٹ اقدامات کی ثمرات بڑے جاگیرداروں تک محدود نہ رہیں بلکہ عام کسان تک پہنچیں۔

مزید :

کامرس -