روہت شیٹی کا کینسر کے مریض دس بچوں کو گود لینے کا فیصلہ
ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار روہت شیٹی نے دس ایسے بچوں کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے جو کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں۔انڈیا ٹائمز کے مطابق روہت شیٹی کو کینسر کے بارے میں آگاہی دینے والی ایک تنظیم’کینسرز پیشنٹس ایڈ ایسو سی ایشن’ کے ارکان نے تنظیم کے ایک فنکشن میں آنے کی دعوت دی جہاں انہوں نے دس بچوں کو گود لے کر ان کے علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا۔روہت شیٹی نے ابتدائی طور پر ان بچوں کیلئے پانچ لاکھ روپے دیئے ہیں جبکہ وہ ان کے تمام اخراجات بھی اٹھائیں گے۔ تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روہت کو پہلے ہمارے بارے میں زیادہ علم نہیں تھا جیسے ہی ہم نے ان کو تفصیل سے آگاہ کیا انہوں نے فوری طور پر ان بچوں کی کفالت اور علاج کا بیڑہ اٹھا لیا۔