حکومت پانامہ لیکس پر فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے،میاں مقصود
لاہور(پ ر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پانامالیکس کے حوالے سے ٹی اوآرز پر اختلافات برقرار کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے حکومت فرار کا راستہ اختیار کررہی ہے۔بے بنیاد طریقوں سے معاملے کو طول دیاجارہا ہے جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔18کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ قومی دولت لوٹنے اور ٹیکس چوری کرنے والوں کا کڑااحتساب کیاجائے۔ایک طرف حکومت عوام پر نئے ٹیکس لگاکر خون نچوڑرہی ہے اور دوسری جانب حکمران خاندان خود غیر قانونی طور پر ٹیکس چوری میں ملوث ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن حکمرانوں کی کارکردگی پر سب سے بڑاسوالیہ نشان ہے۔گڈگورننس کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔رہی سہی کسر قرضوں نے پوری کردی ہے۔بجٹ کا ایک بہت بڑا حصہ قرضوں پر لگنے والے سود کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے جبکہ عوام کو اس حوالے سے کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں بلاتفریق سب کا احتساب ہونا چاہئے۔قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں۔اگر حکومت نے ٹی اوآرز پر لیت ولعل ست کام لینا ہے تو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔فوج میں بھی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی ملکی آئین و قانون کے مطابق ہونی چاہئے ۔