ملکی و غیر ملکی قرضوں میں 6300ارب کا اضافہ تشویشناک ہے،ناصر رمضان
لاہور(پ ر) مسلم لیگ لاہور کے ترجمان ناصر رمضان گجر نے تین سال کے دوران ملکی و غیر ملکی قرضوں میں6300ارب کے اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی قرضوں میں4100ارب اور غیر ملکی قرضوں میں2200ارب کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک پر واجب الادا مجموعی قرضوں کا حجم 21000ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرضے کے بڑھتے ہوئے جال کے باعث اب پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ بھی لاکھوں کا مقروض پیدا ہورہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ ملک میں خوشحالی کے دعویدار عوام کو مزید قرضوں کے جال میں جکڑ رہے ہیں برسراقتدار آکر غیر ملکی امداد قبول نہ کرنے اور کشکول توڑنے کے دعویداروں نے کشکول تو نہیں توڑا اس کا سائز ضرور بڑا کردیا ہے ۔