دہشت گردی کیخلاف جنگ امریکہ کی مسلط کردہ تھی،پیر اعجاز ہاشمی
لاہور(خبر نگار خصوصی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدرپیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ دہشت گردی پھیلانے والے سہولت کاروں اور انتہا پسندوں کی نرسریوں کو بھی بند کروایا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن کے دوسال مکمل ہونے پربہادر فوجی جوانوں اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی طرف سے طور خم بارڈر پر بھارتی ایجنٹوں کی کارروائی کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔ شہید میجر علی جواد چنگیزی کی شہادت پاک فوج کے لئے قابل فخر ہے۔ایک بیان میں پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکہ کی مسلط کردہ تھی، جس کی وجہ سے پاکستان کی سول آبادی اور فوجی جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں یہ فائرنگ بنگلہ دیش کی طرح بھارتی ایجنٹوں کی مکتی باہنی کی ہے یا پھر نیٹو فورسز کی ہے کہ امریکہ اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔اس معاملے کی تحقیقات کے ساتھ اس کا بھر پور جواب بھی دیا جانا چاہیے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ فوج کی کارروائیوں کے باعث عوام کو دہشت گردی سے واضح ریلیف ملا ہے، امید ہے کہ مکمل خاتمہ بھی جلد ہوجائے گا۔