پیکو سکینڈل ،ہائیکورٹ نے نیب کو پرویز اشرف کیخلاف کاروائی سے روکدیا ، ڈی جی پنجاب سے جواب طلب

پیکو سکینڈل ،ہائیکورٹ نے نیب کو پرویز اشرف کیخلاف کاروائی سے روکدیا ، ڈی جی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو پیپکو سکینڈل میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف غیرقانونی کارروائی سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے انکوائری نہیں روکی جا سکتی۔جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے راجہ پرویز اشرف کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے افتخار شاہد اورجواد اشرف ایڈووکیٹس سمیت پیپلز پارٹی کے متعدد وکلاء پیش ہوئے، وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے پیپکو اور گیپکو میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے سکینڈل میں انہیں طلبی کے نوٹسز بھجوائے ہیں، درخواست گزار نے الزامات کی نوعیت جاننے کے لئے نیب سے رجوع کیا لیکن نیب نے انہیں طلبی کی کوئی تحریری وجہ نہیں بتائی،انہوں نے مزید موقف اختیار کیاکہ راجہ پرویز اشرف نے بطور وزیر پانی و بجلی بھرتیوں میں کوئی عمل دخل نہیں کیا لیکن پھر بھی انہیں کرپشن سکینڈل میں ملوث کیا جا رہا ہے، نیب مسلم لیگ (ن)کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے اور مسلم لیگ (ن)کے کہنے پر ہی پیپلز پارٹی کے رہنماؤ ں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ راجہ پرویز اشرف کو نیب کی طرف سے بھجوائے گئے طلبی کے نوٹسز کالعدم کئے جائیں اور نیب کو سابق وزیر اعظم کو ہراساں کرنے سے روکا جائے، عدالت نے نیب کو راجہ پرویز اشرف کے خلاف غیرقانونی کارروائی سے روکتے ہوئے ڈی جی نیب پنجاب سے 6 ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے، عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ نیب کو پیپکو سکینڈل کی انکوائری سے نہیں روکا جا سکتا تاہم نیب سابق وزیر اعظم کیخلاف کوئی غیرقانونی اقدام نہ کرے۔

مزید :

علاقائی -