پنجاب حکومت نے 5تاریخی مقامات پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر قائم لوکل کمیشن نے اورنج ٹرین منصوبہ کیس میں اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے چوبرجی، شالا مار، بابا موج دریا، لکشمی چوک اور زینب النساء میں ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے ۔جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی، سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ اور سابق سیکرٹری ہائیکورٹ بار احمد قیوم پر مشتمل دو رکنی لوکل کمیشن نے رپورٹ عدالت میں داخل کرائی، رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پنجاب حکومت نے 11تاریخی عمارتوں کی حدود میں اورنج ٹرین کی تعمیر کے خلاف حکم امتناعی کے باجود 5مقامات پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے جن میں چوبرجی، شالا مار، بابا موج دریا، لکشمی چوک اور زینب النساء شامل ہیں، سول سوسائٹی کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ لوکل کمیشن کی رپورٹ نے پنجاب حکومت کی بدنیتی ثابت کر دی ہے، پیپرا قوانین کی خلاف ورزیوں کا بھی حکومت نے اعتراف کر لیا ہے جبکہ منصوبے کی تعمیر کے دوران انسانی جانوں کی ہلاکتوں پر بھی کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے جا رہے، عدالت نے لوکل کمیشن کی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے مزید سماعت 23جون تک ملتوی کر دی ہے ۔