پاکستان میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں:شہباز شریف
لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاکستان کی بہادر افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے پاک سرزمین تنگ کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آپریشن ضرب عضب کے کامیابی سے 2 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں نے جرأت اور دلیری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے افسر اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ہمت، جرأت اور بہادری کی عظیم داستان ہے جس کے نتیجے میں قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی شاندار کامیابیوں کا سہرا پاک افواج کے سر ہے ۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران شہید ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کی لازوال قربانیاں پیش کر کے پاکستان کو محفوظ بنایا ہے اور انشاء اللہ اس آپریشن سے پاکستان ہمیشہ کے لیے ایک پر امن ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے اور لازوال قربانیاں دے کر ایک تاریخ رقم کی ہے جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ،بلاشبہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن’’ ضرب عضب‘‘ میں لا زوال قربانیاں دے رہی ہے اورپوری قوم کو ان قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور18کروڑ عوام اپنا آج قوم کے کل کے لئے قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں اسلام آباد میں ڈنمارک کے ناظم الامورجیکب روگلڈ جیکنسن نے ملاقات کی ۔ملاقات میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر ہونے و الی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز پنجاب میں ونڈ پاورپراجیکٹ پر کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئلے اورگیس سے بجلی کے حصول کے کارخانے لگائے جارہے ہیں اور سال2017ء کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبوں کے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ڈنمارک کے ناظم الامور نے کہا کہ ونڈ پاور پراجیکٹ میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ویسٹاز(Vestas) کے اعلی حکام ،سیکرٹری توانائی،چےئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو عوامی امنگوں کے مطابق بہترین صوبائی بجٹ برائے مالی سال 2016-17 پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام دوست، کسان دوست ، متوازن اور عام آدمی کا بجٹ پیش کیا ہے۔ زراعت، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے گئے ہیں اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ریکارڈ وسائل مہیا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 550 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے 173 ارب روپے کی ریکارڈ رقم رکھی گئی ہے اور جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وسائل پہلے سے بڑھ کر فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتہائی متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہ ہوا، جس میں غیرملکیوں خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے لئے فو ل پروف انتظامات کیے گئے ہیں اوراس ضمن میں پنجاب حکومت نے ایک علیحدہ یونٹ تشکیل دیا ہے ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ ،معاون خصوصی رانا مقبول احمد ،ایم پی اے جہانگیر خانزادہ،چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔