پاکستان اور افغانستان گفت و شنید کے ذریعے اختلافات کا حل تلاش کریں :سراج الحق

پاکستان اور افغانستان گفت و شنید کے ذریعے اختلافات کا حل تلاش کریں :سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (خبر نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان گفت و شنید کے ذریعے باہمی اختلافات کا حل تلاش کریں ۔ہمارا مشترکہ دشمن پاک افغان کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے ۔بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو تنہا کرنے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی ۔دونوں ملکوں کی قیادت دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں ۔پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہواہے ،سوویت یونین کے حملہ کے بعد پاکستان نے چالیس لاکھ افغان مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دی جن میں 25لاکھ سے زائد اب بھی پاکستان میں پناہ گزین ہیں۔ہمیں دشمن کی سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے ایک خوشحال مستقبل کی طرف بڑھنا چاہئے ،آپس کی لڑائیوں میں جیتنا بھی کسی کے لئے سود مند نہیں ہوتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مکار دشمن بھارت دو بھائیوں کو لڑانے کی سازش کررہا ہے ،اس موقع پر دونوں ملکوں کی قیادت کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہوگا۔پاکستان کے اندر دہشت گردی کا واقعہ ہویا باہر سے، اس کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ ہوتا ہے ۔اب وہ افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعما ل کرنا چاہتا ہے مگر بھارت کو اپنے ناپاک عزائم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ پاکستان اور افغانستان دو بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کرچلیں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز طور خم بارڈر پر فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے میجر جواد علی چنگیزی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور خاندان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہید نے ملک کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ افغانستان پر قابض بیرونی افواج خطے میں عدم استحکام کا بنیادی سبب ہیں ۔ یہی عالمی طاقتیں ہندوستان کو علاقے کا تھانیدار بناناچاہتی ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ غیور افغان قوم دشمن کی سازشوں کو ناکام بنادے گی ۔

مزید :

صفحہ اول -