اورنج ٹرین منصوبہ تعلیم اور صحت کے فنڈز بھی کھاجائے گا،پرویز الٰہی

اورنج ٹرین منصوبہ تعلیم اور صحت کے فنڈز بھی کھاجائے گا،پرویز الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے این این) مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما پرویزالٰہی نے پنجاب بجٹ کو ہیراپھیری کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت، تعلیم اور صحت کے نام پر رکھے گئے فنڈز بھی اورنج لائن کھا جائے گی، ہر شعبہ میں ٹیکسوں کی بھرمار کے باوجود بجٹ میں 114ارب روپے کا تاریخی خسارہ ان کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے، ہمارے دور میں ترقیاتی بجٹ کے استعمال کی شرح 98فیصد تھی جبکہ انہوں نے صرف 50فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ کیا۔ وہ ارکان پنجاب اسمبلی عامر سلطان چیمہ، وقاص حسن موکل، احمد شاہ کھگہ کے علاوہ ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی کے ہمراہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں سود اور قرضوں پر 124ارب خرچ ہوں گے، جبکہ ان کے دور کے قرضوں کی ادائیگی کے باوجود ہمارا ہر بجٹ ٹیکس فری اور فاضل تھا، کسان، تاجر، صنعتکار سب نئے بجٹ سے پریشان ہیں کیونکہ اس سے مہنگائی، بیروزگاری کا سیلاب آئے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سوشل سیکٹر ان کی ترجیح نہیں اس سال کے بجٹ میں صحت کیلئے 24ارب روپے رکھے تھے لیکن صرف 3ارب خرچ کیے جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے بھی ریمارکس ہیں کہ صحت کے شعبہ پر پنجاب حکومت کی کوئی توجہ نہیں سارے فنڈز اورنج لائن ٹرین پر لگائے جا رہے ہیں، اسی طرح سکولوں کیلئے رکھے گئے بجٹ کا بھی صرف 10فیصد خرچ کیا گیا اور باقی جنگلہ بس اور اورنج لائن کی نذر کر دیا، سرکاری ہسپتالوں میں مفت دوائیوں کی فراہمی مدت سے بند ہے، 1122کیلئے چندہ مانگا جا رہا ہے، اس کے فنڈز روکے جا رہے ہیں، ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو ٹھیکے پر دیا جا رہا ہے، پنجاب کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کو چیک اپ کیلئے 1سال بعد کی تاریخ دی جا رہی ہے، مریض فرشوں پر پڑے ہیں، چلڈرن ہسپتال میں ایک ایک بیڈ پر چار چار بچے ہیں، انکوبیٹرز ہیں نہ وینٹی لیٹرز۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں ہمارا 200بستر کا اسپتال اور فتح پور ٹراما سنٹر چالو ہوتے تو زہریلی مٹھائی سے مرنے والے بچ سکتے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور کے صحت کے میگا پراجیکٹ پچھلے 8سال سے چالو نہیں کیے جا رہے جن میں فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز لاگت 2.78بلین، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سرجری جنرل ہسپتال لاہور 5بلین، سرجیکل ٹاور میو ہسپتال 2 بلین، سروسز ہسپتال لاہور میں اپ گریڈیشن آف ریڈی ایشن کا منصوبہ 1 بلین، جناح ہسپتال لاہور میں برن سنٹر کا منصوبہ 1.2 بلین شامل ہیں جبکہ ہمارا قائم کردہ وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی چالو نہ کرنے سے علاقہ کے چار ہزار مریض جاں بحق ہو چکے ہیں

مزید :

صفحہ اول -