ننگر ہار میں امریکی جاسوس طیارے کا حملہ، داعش کے 21جنگجو ہلاک
کابل (اے پی پی)مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں میں داعش کے 21جنگجو ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے،افغان فورسز نے صوبہ ہلمند میں آپریشن کے دوران 32طالبان کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے،صوبہ نیمروز میں ایک حملے میں 9افغان فوجی ہلاک اور5زخمی ہوگئے، طالبان نے ارزگان کے ایک اہم ضلع پر قبضہ کرلیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہارکے ضلع آچین میں امریکی جاسوس طیارے نے شدت پسند تنظیم داعش کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا،اس کاروائی میں داعش کے 21جنگجو ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق مرنے والوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ۔افغان فورسز نے صوبہ ہلمند میں آپریشن کے دوران 32طالبان کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔حکام نے بتایا کہ افغان فضائیہ نے ہلمند میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ،اس کاروائی میں پانچ خطرناک کمانڈروں سمیت 32طالبان جنگجووں کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔حکام کے مطابق کاروائی میں 16دیگر افراد زخمی ہوئے ۔طالبان کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔صوبہ نیمروز میں ایک حملے میں 9افغان فوجی ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ طالبان کے ایک گروپ نے نیمروز میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پرحملہ کردیا، اس حملے میں 9افغان فوجی ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔صوبہ نیمروز میں حالیہ دنوں میں طالبان کی جانب سے یہ ایک بڑی کاروائی ہے۔صوبہ فاریاب میں طالبان نے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔مقامی حکام کے مطابق واقعہ خواجہ سبزپوش کے علاقہ میں پیش آیا۔ابھی تک اس واقعے کے محرکات کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکاہے تاہم ذرائع نے کہاہے کہ یہ طالبان کی کاروائی ہے۔دریں اثناء طالبان نے جنوبہ صوبہ ارزگان کے ایک اہم ضلع پر قبضہ کرلیا ہے۔صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالکریم خادم زئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ طالبان نے چارچینوضلع کا کنٹرول سنھبال لیاہے۔اس سے قبل دیگر افغان حکام نے اس خبر کی تردید کی تھی۔