ٹاسک فورس کے شہر میں چھاپے،لاکھوں روپے کی گیس چور ی پکڑ لی
لاہور( خبرنگار) سوئی گیس کمپنی کی ٹاسک فورس نے گزشتہ چار دنوں کے دوران گیس چوری کے خلاف آپریشن کر کے پونے چار لاکھ کی گیس چوری پکڑ کر تھانوں میں مقدمات درج کروانے کیلئے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم میاں محمود ضیاء احمد کے حکم پر چیف انجینئر عمران الطاف ساہی کی نگرانی میں ٹاسک فورس کے انچارج چودھری شرافت علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ہربنس پورہ میں چھاپہ مارا تو وہاں پر نذیر ہاؤسنگ سکیم میں بڑے پیمانے پر جعلی نیٹ ورک قائم کر کے گیس چوری کی جا رہی تھی ۔ اسی طرح ہربنس پورہ پنڈ میں آپریشن کر کے 40 گھروں کا ایک جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا جو ک جعلی طریقہ سے سپلائی لائن بچھا کر 40 گھروں کو گیس کی سپلائی فراہم کی جا رہی تھی اور جعلی نیٹ ورک کے مالک نے ہر گھر سے 15 سو سے 2 ہزار روپے ماہانہ طے کر رکھا تھا ۔ اسی طرح ہیر پنڈ ڈیفنس میں چھاپہ مار کر ایک جعلی نیٹ ورک پکڑلیا ہے جس سے 40 گھروں کو گیس فراہم کی جا رہی تھی جبکہ لکھو ڈیرروڈ پر چھاپہ مار کر گھریلو میٹر سے سٹیل مل کو فراہم کی جانے والی گیس چوری پکڑلی ہے۔ گیس کمپنی کے چیف انجینئر عمران الطاف ساہی کے مطابق گیس چوروں کے خلاف تھانہ ہربنس پورہ، باغبانپورہ اور باٹا پور سمیت تھانہ ڈیفنس میں مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔