اگلے دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا امکان
لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ موسمیات نے اگلے دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کردی ۔ جمعرات راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش۔ اس دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ جنوبی پنجاب(ملتان، ڈی جی خان ڈویژن) اور سندھ (حیدر آباد، کراچی، سکھر، میرپور خاص ڈویژن) میں تیز/گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ اگلے ہفتے کے دوران بھی ملک میں دو اچھی پری مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم لاہور ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور(سٹی05،ائیرپورٹ02) ریکارڈ کی گئی ۔ دالبندین، لاڑکانہ،شہید بینظیر آباد، دادو، سبی، کوہاٹ میں درجہ حرارت 46، بھکر، جیکب آباد، تربت رحیم یار خان میں45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔