حلیمہ قتل کیس،تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی مقامی عدالت نے حلیمہ قتل کیس میں تفتیشی افسر کے پیش نہ ہونے پر ایس ایس پی ساؤتھ کو تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں۔بدھ کو کراچی کی مقامی عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ ساتھ کی عدالت میں حلیمہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں ملزم رضوان قریشی اور مبینہ ملزمہ سونیا کو پیش کیا گیا جبکہ عدالت میں آج بھی تفتیشی افسر پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو حکم دیا کہ وہ تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کریں کہ مقدمے کا چالان کیوں پیش نہیں کیا، عدالت میں تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کریں جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر کے خلاف شوکاز نوٹس بھی جاری کردیے، عدالت نے سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی، واضح رہے کہ حلیمہ قتل کیس میں تیسری بار تفتیشی افسر تبدیل ہوا ہے لیکن بدھ کو بھی عدالت میں تیسرا تفتیشی افسر پیش نہ ہوا جس کے باعث عدالتی کارروائی نہ چل سکی، عدالت میں ملزم رضوان قریشی اپنی بیٹی سے لپٹ کر رونا شروع کردیا، ملزم رضوان قریشی کا کہنا تھا کہ میرا حلیمہ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، مجھے پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے اگر کوئی چیر مانی بھی ہے تو وہ پولیس کے دبا ؤمیں آکر مانی ہے۔ملزمہ سونیا کے وکیل ایڈووکیٹ لیاقت نے کہا کہ آج بھی تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہ ہوا، عدالت نے ایس ایس پی ساتھ کو حکم دیا ہے کہ وہ تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کرے ملزمہ سونیا کا حلیمہ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس کی جانب سے ابھی تک چالان پیش نہیں کیا گیا ہے، چالان پیش ہوگا تو مبینہ ملزمہ سونیا کی ضمانت ہوسکے گی