اختیارات کے ناجائز استعمال اور نامناسب روپے پر اے ایس آئی اور محرر ہیڈ کانسٹیبل معطل
پشاور( کرائمز رپورٹر ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواناصر خان دُرانی نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور نامناسب رویئے پر ایک اے ایس آئی اور ایک محرر ہیڈ کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کرکے اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی کاحکم جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے ایک سرکاری ملازم نے آئی جی پی کو ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت کی تھی۔ کہ میچنی گیٹ پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی زاہد خان اور محر ہیڈ کانسٹیبل نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ان کے بیٹے کے خلاف پاکستان شناختی کارڈ ہونے کے باوجود 14 فارن ایکٹ کے تحت پرچہ کروایا۔ انہوں نے مزید شکایت کی تھی کہ پرچہ درج کروانے سے پہلے انہوں نے اپنا پاکستانی شناختی کارڈ اور ملازمت کارڈ بھی دکھایا لیکن پولیس نے جعلی پراگرس دکھانے کی خاطر اُن کے خلاف پرچہ کرایا۔ آئی جی پی نے شہری کی ان شکایات کو جب ڈی آئی جی انکوائری اینڈ انسپکشن کے ذریعے چیک کیا تو انہوں نے شہری کی شکایات اور موقف کوبالکل درست اور حقیقت پر مبنی اور اُسے پولیس کے اختیارات کے ناجائز استعمال تشدد آمیز رویئے اور نااہلی کا ایک واضح مثال قرار دیا۔ آئی جی پی نے ڈی آئی جی انکوائری اینڈ انسپکشن کی رپورٹ کی روشنی میں میچنی گیٹ پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی زاہد خان اور محرر ہیڈ کانسٹیبل خالد حمید کو فوری طور پر معطل کرکے اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم جاری کر دیا۔