رمضان المبارک ،شدید گرمی میں چیک پوسٹوں پر اہلکار چوکس
پشاور(کرائمز رپورٹر)صوبائی دارلحکومت پشاورمیں رمضان المبارک کے دوران کڑکتی دھوپ میں خیبر ایجنسی سے متصل چیک پوسٹوں اور ناکہ بندیوں پر ڈیوٹیاں انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، 2009-10کے کشیدہ حالات میں ارباب ٹاپو اور فرنٹیر روڈ پر واقع دیگر چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کی جانب سے درجنوں حملے کئے گئے تاہم پولیس جوانوں نے ان حملوں کو ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کواپنے ساتھیوں کی نعشیں اٹھاکرفرار ہونے پر مجبور کیا ان حملوں میں پولیس افسران و اہلکاران بھی شہید ہوئے جس کی بدولت آج نہ صرف پشاور میں امن ہے بلکہ علاقہ غیر سے متصل علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کیا جاچکا ہے اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشن نے علاقہ غیر سے متصل چیک پوسٹوں اور ناکہ بندیوں پر ڈیوٹیاں انجام دینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پیر کی شام پشاور کے صحافیوں کے ہمراہ فرنٹیر روڈ کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے مختلف ناکہ بندیوں اور چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان میں افطار پیکیج تقسیم کیااور اہلکاروں سے ان کے مسائل دریافت کرتے ہوئے موقع پر ہی انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،علاقہ غیر سے متصل ارباب ٹاپو چیک پوسٹ پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن عباس مجید مروت نے کہا کہ پشاورپولیس ایک پختون بہادر اورنڈر فورس ہے یہ ہر قسم کے سخت حالات میں عوام کی خدمت اورحفاظت کیلئے ڈٹ کھڑے ہوکر ڈیوٹیاں سرانجام دینے کیلئے تیار ہیں ایس ایس پی آپریشن نے ارباب ٹاپو چیک پوسٹ پر صحافیوں کے وفدکے ہمراہ پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے ساتھ روزہ افطار کیا ارباب ٹاپو میں موجود اہلکاران نے ایس ایس پی اورصحافیوں کو افطاری کے دوران اپنے ساتھ پاکر خوشی کا اظہار کیا ایس ایس پی نے کہا کہ جوانوں کیساتھ افطاری کا مقصد یہ ہے کہ ان کے حوصلے اورمورال اوربھی بلند ہوں۔