محکمہ ایکسائیز نے ٹیکسوں کی وصولی کا مقررہ ٹارگٹ حاصل کرلیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن حکومت سندھ نے سال 16۔2015 میں ٹیکسوں کی وصولی کا مقرر ٹارگٹ 41 ارب 78 کروڑ 50 لاکھ یعنی سو فیصد حاصل کرلیا ہے۔ محکمہ کے صوبائی وزیر گیان چند ایسرانی نے محکمہ کے افسران کے ایک اعلی سطحی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے اپنے محکمہ کے افسران کی بہترین کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ گذشتہ سال کے ٹارگٹ سے 25 فیصد زیادہ تھا لیکن مقرر وقت کے اندر 7 ارب 85 کروڑ زیادہ وصولی کرلی گئی ہے جوکہ محکمہ کی اعلیٰ کارکردگی کا مثال ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 11 ماہ میں یعنی گذشتہ مئی کے مہینے تک 39 ارب 44 کروڑ 13 لاکھ کی ریکوری کی گئی جبکہ اس رواں ماہ کے دوران 3 ارب 94 کروڑ کی ریکوری کی جائیگی جس کا بڑا حصہ وصول کیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کے محکمہ میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہے اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹارگٹ بڑھانے کے باوجود ریکوری 100 فیصد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے ہمیشہ صوبے اور عوام کی ترقی کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کو چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک و صوبے کی ترقی کیلئے مشن جاری رہیگا۔