صوبائی بجٹ عوامی توقعات کا آئینہ دار اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے :عبدالکریم خان
پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے دستیاب وسائل کے مطابق ایک متوازن اورعوام دوست بجٹ پیش کیا جس میں صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبے کے غریب طبقے کے لوگوں کی فلاح وبہبود کاخا ص خیال رکھا گیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ 2016-17 میں دیگر شعبوں کی طرح محکمہ صنعت وحرفت کے فروغ کے لئے بھی کثیر رقوم مختص کی گئی ہیں اور صوبے میں صنعتی انقلاب لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے ۔جن میں نئی صنعتی بستیوں میں سرمایا کاری کی صورت میں حکومت زمین کی قیمت میں 25 فیصد سبسڈی دے گی جبکہ نئی اور منفرد صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لئے حکومت تین سال تک بجلی کے بل کا 25 فیصد خود اداکرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں خواتین صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت نے ان کے سرمایہ کے 25 فیصد تک حصہ حکومت برداشت کرے گی۔ا سی طرح صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی کی تکنیکی اورپیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کاماحول مزید بہتر ہوسکے ۔عبدالکریم خان کاکہنا تھا کہ صوبائی بجٹ صوبے کے تعمیر وترقی کاآئینہ دار ہے اورعوام کی خوشحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔