بجٹ بلدیات نظام کی مضبوطی کیلئے خطیر رقوم رکھی گئی :عنایت اللہ
پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخواکے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہاہے کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے مخلوط صوبائی حکومت نے 2016-17 کے بجٹ میں 93 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے جس سے بلدیاتی اداروں کو مستحکم بنانے کے لئے موجودہ حکومت کی نیک نیتی اورخلوص پر مبنی جذبے کی عکاسی ہوتی ہے ۔سینئر وزیربلدیات نے صوبائی بجٹ کو عوام دوست قرا ردیتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں ضلعی حکومتوں کے لئے 8 ارب 66 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ ویلج اورنیبر ہڈ کونسلوں کے لئے 10 ارب 91 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں شہری ترقی کے 27 منصوبوں کے لئے 5 ارب 55 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ جس میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائینگی۔انہوں نے کہا کہ پشاورکی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو بھی صاف ستھرا،خوبصورت اورماڈل بنایا جائے گا۔ عنایت اللہ نے کہا کہ پشاورکی سڑکوں کوکشادہ اورصاف ستھرہ بنایا جائے گااور حیات آبادیونیورسٹی ٹاؤن اور ریگی ماڈل ٹاؤن کی سڑکوں کے لئے بھی 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ناردرن بائی پاس سے ورسک روڈ تک سڑک پر 5 ارب روپے کاکام جاری ہے ۔اس کے علاوہ ورسک روڈسے حیات آباد تک نئی سڑک کی تعمیر کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ بجٹ 2016-17 میں پشاورکے شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اوربوسیدہ پائپوں کی تبدیلی حکومتی اقدامات میں شامل ہے۔ انہوں نے صوبائی بجٹ کو عوامی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیااورکہا کہ یہ بجٹ عوام کی ترقی اورخوشحالی کا پیشہ خیمہ ثابت ہوگاجس کا تما م ترکریڈٹ وزیر خزانہ مظفر سید اوراس کی ٹیم کو جاتاہے ۔جس میں عوامی فلاح وبہبودکے لئے صحت ،تعلیم،زراعت آبنوشی ،مواصلات سمیت دیگرکئی شعبوں میں ترقیاتی سکیمیں شامل کی گئیں ہیں جو ہر لحاظ سے متوازن اورعوام دوست ثابت ہوں گی۔