حکومت کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ،پاکستان پیپلزپارٹی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور تالپور، میر اعجاز حسین جکھرانی اورعمران ظفر لغاری نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے کرپشن کی لعنت کو ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے کیونکہ حکومت بالخصوص وزیراعظم غیر ممالک میں غیر قانونی آف شور کمپنیوں اور پاکستانی دولت کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث ہیں، آف شور کمپنیوں کے حوالے سے وزیراعظم نے اصل حقائق قوم اور الیکشن کمیشن سے خفیہ رکھے جس پر وہ نااہل قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی وفاقی حکومت اور وزیراعظم کو بارہا یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو احتساب کے لئے پیش کریں جبکہ اپوزیشن کی دوسری جماعتیں بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہے اور پنامہ لیکس کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے جن تاخیری حربوں کا استعمال کیاجارہا ہے ان سے وفاقی حکومت کو کوئی فائدہ حاصل نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے تقدس اور احترام کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے رویے کو نرم رکھا ہوا ہے لیکن عید کے بعد پانامہ لیکس پر فیصلہ کن جنگ کاآغاز ہوگا۔ ن لیگ اور وزیراعظم کے لئے بہتر ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اس رعایت سے فائدہ اٹھائے وگرنہ پانامہ لیکس ن لیگ کی کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔