ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ،قومی ٹیم دوسرا میچ آج کینیڈا کیخلاف کھیلے گی

ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ،قومی ٹیم دوسرا میچ آج کینیڈا کیخلاف کھیلے گی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم لندن میں جاری عالمی ہاکی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنا دوسرا میچ (آج) جمعہ کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔18 جون کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ 19 جون کو اس کا آخری پول میچ سکاٹ لینڈ سے ہوگا۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے پانچ ٹیمیں آئندہ سال بھارت میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کریں گی، جو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ سے عالمی کپ میں جگہ نہیں بنا پائیں گی ان کیلئے بین البراعظمی ٹورنامنٹس کے ذریعے عالمی کپ تک رسائی کا ایک اور موقع ہوگا اگر پاکستانی ٹیم لندن کے اس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے عالمی کپ میں پہنچنے میں ناکام رہتی ہے تو اس کے پاس یہ موقع ہوگا کہ وہ ایشیا کپ جیت کر عالمی کپ میں جگہ بنالے۔ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اس سال اکتوبر میں ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ لندن میں ہونے والا یہ کوالیفائنگ راؤنڈ دراصل ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ایونٹ ہے۔ اس سلسلے کا دوسرا ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ایونٹ 9 سے 23 جولائی تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں مقابلوں سے آٹھ ٹیمیں اس سال دسمبر میں بھارت میں ہونے والے ہاکی ورلڈ لیگ فائنل ایونٹ کیلئے بھی کوالیفائی کریں گے یعنی یہ ہاکی لیگ سیمی فائنل مقابلے عالمی کپ کے ساتھ ساتھ ورلڈ لیگ فائنل کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ بھی رکھتے ہیں۔ 15 سے 25 جون تک کھیلے جانے والے اس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنھیں دو پول میں رکھا گیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی