قومی ٹیم ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کریگی:مظہر گجر

قومی ٹیم ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کریگی:مظہر گجر

اسلام آباد (یو این پی) قومی والی بال ٹیم کے کوچ مظہر حسین گجر نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے گراس روٹ کی سطح پر مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فرو غ کیلئے تعلیمی اداروں کا ایک اہم کردار ہوتا ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کریگی یہ چیمپئن شپ آئندہ ماہ جولائی24 جولائی سے یکم اگست تک انڈونیشیاء میں کھیلی جائے گی جس کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لیاقت جمنازیم ، اسلام آباد میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 16 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں آصف ندیم، کاشف نوید، محمد نصیر، فہد رضا، امل خان، مبشر رضا، منیر خان، عثمان فریاد، فخر وٹو، مراد جہان، محمد ادریس، شیزار خان، محمد عقیل بادل، عبدالظہیر، عمران سلطان اور ناصر علی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو ایرانی کوچ حامد مواحدی تربیت دے رہے ہیں اور ان کی معاونت پاکستانی کوچز مظہر حسین گجر اور حاجی جمیل کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مظہر گجر نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب قومی والی بال چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں سے ہوتا ہے۔

اور ان کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے بعد میں جس کی منظوری پاکستان والی بال فیڈریشن دیتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب اور ان کی ٹیم ملک میں والی بال کے فروغ کیلئے بہت اقدامات کر رہی ہے جس میں مختلف مقامات پر مختلف ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد کرواتی ہے جس میں مرد کی سنیئر اور جونیئر چیمپئن شپ، خواتین کی چیمپئن شپ، بیچ چیمپئن شپ کے علاوہ دیگر ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی