فلور ملز اور ایکسپورٹرز ریفنڈز نہ ملنے سے شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں،ریاض اللہ خان

فلور ملز اور ایکسپورٹرز ریفنڈز نہ ملنے سے شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں،ریاض ...

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چےئرمین ریاض اللہ خان ، گروپ لیڈر عاصم رضا ، میاں ریاض ، لیاقت علی اور سابق چےئرمین افتخار احمد مٹونے کہا ہے کہ عید الفطر پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف و وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف گندم کے ایکسپورٹرز کے اربوں روپے کے رپھنسے ہوئے ریفنڈز ادا کر کے عید کا تحفہ دیں کیونکہ گندم اور آٹا ایکسپورٹ کرنے والی فلور ملز اور ایکسپورٹرز ریفنڈز کی ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے شدید مالی دباؤ کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ متعدد فلور ملز کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے،یہ بات پی ایف ایم اے کے رہنماؤں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت تینوں صوبوں کے فلور ملز مالکان اور ایکسپورٹر ز کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔ہم نے حکومت کے طے کردہ قواعد و ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے پڑوسی ملک افغانستان کوگندم اور آٹا ایکسپورٹ کیا جو پچھلی کئی دہائیوں سے ہماری مارکیٹ ہے مگر ایکسپورٹ کا عمل مکمل ہونے کے کئی ماہ گزرنے کی باوجود حکومت کی جانب سے طے کردہ ریفنڈز کے کلیمز کی ادائیگیاں نہ کی گئیں جس کی وجہ سے ہمارے کاروبار کو شدید نقصان پہنچا ہے ،اس کے باوجود وزیر اعلی پنجاب کے رمضان پیکج کو کامیاب کرنے کیلئے بلا تعطل تمام رمضان بازاروں میں معیاری اور مکمل وزن کے ساتھ سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ حکومت کے شانہ بشانہ چلنے کی کوشش کی ہے اور ہر طرح سے حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے فوڈ پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پرگندم کے ایکسپورٹرز کے رکے ہوئے ریفنڈز کی ادائیگیاں کروائیں تاکہ تیز ی کے ساتھ گرتی ہوئی فلور ملنگ انڈسٹری کو سہارا دیا جا سکے۔

مزید : کامرس