ای کامرس آن لائن بزنس کے سازگار ماحول کیلئے ٹھوس اقدامات کیے : انوشہ رحمان

ای کامرس آن لائن بزنس کے سازگار ماحول کیلئے ٹھوس اقدامات کیے : انوشہ رحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے بہت سے اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ ملک کی ترقی و خوشحالی اسی سے مشروط ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر شازیہ سلیمان کی سربراہی میں کاروباری شعبے کی خواتین سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں ڈاکٹر شہلا جاوید ، قیصرہ شیخ، انیلا سلیم اور رخسانہ خان شامل تھیں۔ وزیر مملکت نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے ای کامرس آن لائن بزنس کیلئے سازگار ماحول بنانے کے حوالہ سے بہت سے ٹھوس اقدام کئے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ڈبلیو ٹی او کے ای کامرس سے متعلق محرکات کو بہت اہم قرار دیتا ہے اور ہمارا مشن ہے کہ دونوں ممالک ای کامرس میں ایک سوچ رکھ کر اس کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں۔ وزیر مملکت نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشنز سیکٹر کے ڈھانچہ کے بارے میں روشنی ڈالی اور وفد کو بتایا کہ ہم کلی طور پر ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی تخلیق کر رہے ہیں تاکہ آن لائن بزنس نمو پا سکے۔ گذشتہ دو سالوں کے دوران 40 ملین لوگوں کو موبائل براڈ بینڈ کے ذریعے آپس میں مربوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مردوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ شازیہ سلیمان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے وزیر مملکت کو بتایا وومن چیمبر نوجوان نسل کو ای کامرس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آگاہی دینے کے لیے سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں وومن چیمبر کی مدد کرے تاکہ کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کو دور جدید کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

مزید :

کامرس -