’’چائنا آسیان مشنری ایکسپو 2017ء ‘‘ ہنوئی میں شروع ہو گئی
ہنوئی (اے پی پی) چائنا آسیان مشنری ایکسپو 2017ء ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں شروع ہو گئی ہے۔ تین روزہ نمائش میں معروف برانڈز سمیت چین کی 106 کمپنیوں کی مکینک اور الیکٹرانکس مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ ویتنام میں چین کے سفیر ہانگ ژاؤیانگ نے ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویتنام آسیان ممالک میں چین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے جبکہ چین ویتنام کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور رواں سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران دوطرفہ تجارتی حجم 41.9 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جوکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 16.3 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے دونوں ممالک کی کمپنیوں کو رابطے اور تعاون کے مواقع میسر آئیں گے۔
اس موقع پر ویتنام کے نائب وزیر تجارت نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دوستانہ تعلقات کے مزید فروغ معاون ثابت ہو گی۔ نمائش میں کمپنیاں الیکٹرانکس، توانائی، مشنری اور آلات کے شعبوں میں خریداری بارے مذاکرات کریں گی۔