آج ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام معتکف ہوں گے

آج ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام معتکف ہوں گے

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں آج لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد ، شہر اعتکاف منہاج القرآن، جامع مسجدالقادسیہ،سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افرادکیلئے اعتکاف کے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں رش بڑھ جائے گا۔ طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پاکستان بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج 20 رمضان المبارک کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ ملک بھر کے ہرچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں لوگ20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اوررات عبادت کے بعد نماز فجر کے متصل بعد خیموں میں داخل ہوں گے۔ عیدالفطر کاچاند نظرآنے کے بعد اعتکاف ختم کیاجائے گا ۔صوبائی دارلحکومت کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے چند دن پہلے سے ہی نتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق اس سال بادشاہی مسجد میں 600کے قریب افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے جن کے سحر و افطار کا انتظام بادشاہی مسجد کی انتظامیہ خود کرے گی ۔ جامع مسجد داتا دربار میں 2400کے قریب افراد اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ جامع مسجدالقادسیہ چوبرجی میں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی تین ہزارسے زائد مردوخواتین اعتکاف بیٹھیں گے۔ مسجدالقادسیہ میں مردوں کی طرح سینکڑوں خواتین بھی اعتکاف کرتی ہیں جن کیلئے شرعی پردہ کامکمل انتظام موجود ہوتاہے۔معتکفین کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ طاق راتوں میں مسلمان خصوصی عبادت کریں گے اورکشمیر،فلسطین سمیت دیگرخطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کوتلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات ومناجات پیش کریں گے۔

اعتکاف

مزید : صفحہ اول