عمران کی سیاست ختم ، نتھیا گلی سے سیدھا بیرون ملک ہی جائینگے:مریم اورنگزیب

عمران کی سیاست ختم ، نتھیا گلی سے سیدھا بیرون ملک ہی جائینگے:مریم اورنگزیب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیراعظم نے جس طرح آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے ،اسی طرح تمام اداروں پر آئین و قانون کی پاسداری لاگو ہوتی ہے ،آئین و قانون سے جب بھی تجاوز کیا گیا ملک تاریک دور میں چلا گیا ، نوازشریف کے تمام مخالفین کو ایک اور تاریخی شکست ہوئی ہے۔ عمران خان کے منہ میں جو آتاہے وہ بول دیتے ہیں ، بعض اوقات ان کا بولنا خود انکے اپنے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ، عمران خان کا بولنا ان پر خود کش حملے کے مترادف ہے ،کوئی عمران کو نہ بو لنے کے پیسے کیوں دے گا ، نتھیا گلی میں قیام کے بعد وہ سیدھا باہر جائیں گے کیونکہ اب وہ پاکستانی سیاست سے فارغ ہو چکے ہیں ، وہ ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، اب عمران خان پر خوف طاری ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا وزیراعظم نے اپنااور اپنی تین نسلوں کا احتساب تین دفعہ کروایا ،جے آئی ٹی میں پیش ہو کر عملی طورپر ثابت کیا کہ وہ آئین اور قانون کے پا بند ہیں اور پاسداری کرتے ہیں ،اسی طرح اب تمام اداروں پر بھی آئین اور قانون کی پاسداری لاگو ہوتی ہے۔پانامہ کیس میں وزیر اعظم کا نام نہیں پھر بھی بلانے پر وہ جے آئی ٹی میں پیش ہو گئے ، عمران میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ،پاکستان میں آئین عوام کی حکمرانی کا نام ہے ،وزیراعظم نے اپنی تقریر میں جن کٹ پتلیوں کا ذکر کیا وہ کچھ سیاستدان بھی ہوسکتے ہیں اورمیڈیا نمائندے بھی ، جو کچھ مخصوص چینلز پر بیٹھ کر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مریم اورنگزیب

مزید : صفحہ اول