خادم پنجاب اجالا پروگرام کے تحت 20ہزار سکولوں کو سولر پینلز دیئے جائیں گے : شہباز شریف

خادم پنجاب اجالا پروگرام کے تحت 20ہزار سکولوں کو سولر پینلز دیئے جائیں گے : ...
 خادم پنجاب اجالا پروگرام کے تحت 20ہزار سکولوں کو سولر پینلز دیئے جائیں گے : شہباز شریف

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اورتعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیاہے۔ علم ایک ایسا زیو ر ہے جو کسی کی میراث نہیں ہے بلکہ ہر کسی کا بنیاد ی حق ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور شعبہ تعلیم میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت ہمہ وقت شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے متحرک ہے کیونکہ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے مسائل سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے اور اسی لئے پنجاب حکومت نے گزشتہ برسوں کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی فروغ تعلیم کیلئے نئے اقدامات تجویز کئے ہیں اور اس مقصد کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شعبہ تعلیم میں مجموعی طور پر 345 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے اوریہ رواں مالی سال کے مختص کردہ فنڈز سے تقریباً 33 ارب روپے زیادہ ہے اور صوبے کی تاریخ میں شعبہ تعلیم کیلئے پہلی بار وسائل میں اتنا زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے لئے 230ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ زیور تعلیم پروگرام کے تحت پنجاب کے 16 پسماندہ اضلاع میں لڑکیوں کے وظائف میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس پروگرام سے قوم کی 4 لاکھ 62 ہزار بیٹیاں تعلیم سے مستفید ہو رہی ہیں جبکہ آئندہ مالی سال میں اس پروگرام کیلئے 6 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں،اس پروگرام کے باعث سکولوں میں شرح داخلہ میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ شرح داخلہ برقرار بھی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکول پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں میں ہزاروں اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں۔اس منصوبے کیلئے 6 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے اور مجموعی طور پر صوبے کے پرائمری سکولوں میں 36 ہزار نئے کلاس روم تعمیر کئے جائیں گے اوراس اقدام سے سکولوں میں شرح داخلہ میں اضافہ ہوگا، اسی طرح سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے ساڑھے 3 ارب روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خادم پنجاب اجالاپروگرام کے تحت بجلی سے محروم 20ہزار سکولوں کو سولر پینلز دےئے جائیں گے جس پر اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے جائیں گے۔خادم پنجاب اجالاپروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جائے گا اور اس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے ہزار وں سکول شمسی توانائی کے ذریعے روشن ہوں گے اور لاکھوں بچوں اوربچیوں کو اس شاندار پروگرام سے فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلااورمنفرد منصوبہ ہے ۔بجلی سے محروم دوردراز علاقوں کے سکولوں کو سولر پینلز کی فراہمی سے تعلیمی ماحول میں بہتری آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں میں سرکاری خرچ پر تعلیم دلانے کے پروگرام کا بجٹ 16ارب روپے کر دیا گیا ہے اور اب تک پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ووچر سکیم کے تحت سکولوں میں 25 لاکھ بچے داخل ہوئے ہیں۔ 2018 تک مزید 3 لاکھ بچوں کو ووچر سکیم کے تحت سکولوں میں داخلہ دیا جائے گا اوراس بے مثال اقدام نے صوبے میں تعلیمی منظرنامہ بدل کر رکھ دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے جدید چیلنجز سے نبرد آزما و جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے ایک منظم و ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔ اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،زیور تعلیم پروگرام ، اساتذہ کی تربیت کا پروگرام،فیسوں کی واپسی ، سکولوں و کالجوں کی تعداد میں اضافہ و اپ گریڈیشن ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کی تعدا د میں اضافہ،ٹیکنکل تعلیم کے لیے ٹیوٹا کے ذریعے آئی ٹی کا فروغ، ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،تعلیم کے مختلف شعبہ جات جیسے ٹیکنکل تعلیم ،ا نجینئرنگ کی تعلیم ،ڈاکٹری تعلیم اور دیگر جدید علوم میں بہتری، طلبہ کی اعلی کارکردگی کی بناپر ان کے اعترا ف میں غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ادبی مقابلہ جات سمیت متعدد اقدامات حکومت پنجاب کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول