بچوں کو تعلیمی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پارٹنر سکولوں کی مانیٹرنگ جاری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف)کے ترجمان نے کہا ہے کہ شعبہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن والدین کی نمائندگی کرتا ہے جو پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ضروری تعلیمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کررہا ہے۔ترجمان کے مطابق رواں سال اپریل مئی میں 7500سے زائد پیف پارٹنر سکولوں کی مانیٹرنگ کی گئی ہے ۔ مانیٹرنگ میں پارٹنر سکولوں میں ناقص سہولیات کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ سکول مالکان گرمی کی چھٹیوں کے دوران ان خامیوں کو دور کر کے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ ذمہ داری سے اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تعطیلات موسم گرما کے اختتام پر پارٹنر سکولوں کی دوبارہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ بچوں کو دی جانے والے سہولیات میں بہتری کے نتائج کی جانچ پڑتال ہو سکے۔