پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن ، بند روڈ بلھے شاہ قصوری قلفی کے احاطے کو گندے سانچوں ، ناقص صفائی پر سیل کر دیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن ، بند روڈ بلھے شاہ قصوری قلفی کے احاطے کو گندے ...

لاہور (کامرس رپورٹر) عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کاناقص اشیاء خوردونوش بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کارروائی کرتے ہوئے بند روڈ پر واقع بلھے شاہ قصوری قلفی(پروڈکشن یونٹ) کو ناقص صفائی ،زنگ آلوداور گندے سانچوں کا استعمال،دودھ کی بوتلوں پر لیبل نہ ہونے،حشرات کے خاتمے کے ناقص انتظام پر احاطے کو سیل جبکہ تقریباََ100 لیٹر دودھ 100 پیک کی ہوئی دودھ کی بوتلوں اور300 قلفیوں کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔ملتان روڈ یتیم خانے کے قریب بابا جی قلفی پروڈکشن یونٹ کو ناقص صفائی اور دیگر انتظامی خرابیوں پر پروڈکشن فوری طور پر بند کرنے اور اصلاحات لانے تک آپریشن بند کرنے کا حکم دیا۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں علی الفضل ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دورا ن دودھ کو ڈھانپے بغیر رکھنے،حشرات کے خاتمے کا ناقص انتظا م ہونے،ملازمین کے میڈیکل سرٹیفیکٹ نہ ہونے پر 25 ہزار جرمانہ عائدکر دیا گیااور 21 لیٹر دودھ موقع پر ضائع کر دیا گیا۔ اقبال ٹاؤن میں رفیق سوئٹس ہاؤس ،حق باہو کولڈ کارنر، کوزی حلیم اینڈ سموسہ شاپ پر معائنے کے دوران اشیاء خوردونوش کو ڈھانپے بغیر رکھنے،ملازمین کا اپرن اور سرڈھانپے بغیر کام کرنے پر وارننگ نوٹس جاری اور جلدازجلد بہتری لانے کے احکامات جاری کیے۔سمن آبادمیں لاہورپولٹری فارم کو ڈی سیل کرنے کے بعدلائی گئی اصلاحات کا معائنہ کیا گیااور بیمار اور مردہ مرغیوں کے ریکارڈ کی عدم موجودگی ، گند ے آلات سے مرغیاں ذبح کرنے ،فریزر میں گوشت اور پھلوں کو ایک ساتھ محفوظ کرنے پر وارننگ نوٹس اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔غالب مارکیٹ میں رمضان بازار ،سنگھ پورہ رمضان بازار،غازی آباد رمضان بازار،چائنہ سکیم سستا رمضان بازارمیں پھلوں اور سبزیوں کے سٹالز،چکن اور میٹ کے سٹالز،مشروبات اور ڈیری کے سٹالز،گھی اورآئل کے سٹالز،آٹے اور گندم کے سٹالزپر معائنہ کے دوران تقریباََ 15 کلو رنگین سلنٹی،7 کلو خراب ٹماٹر،3 کلو آلو، اور 25 پیکٹ پکوڑیوں کو سٹالز سے ہٹا کرضائع کر دیا گیا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کی گئیں۔

کریک ڈاؤن

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب بھر میں واقع 37گھی ملزکی چیکنگ کے لیے زون وائز ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، یہ ٹیمیں فوڈ سائنسز کے شعبہ سے وابستہ پی ایچ ڈی ڈاکٹرز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سائنٹیفک پینل کے ممبران کی نگرانی میں کام کریں گی ۔بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کے بہترین معیار کو یقینی بنانے اورکوالٹی چیک کرنے کے طریقہ کارطے کرنے کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں کوالٹی چیک کرنے کے طریقہ کار پر مکمل اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھاٹی نورالامین مینگل نے بتایا کہ تمام آئل اور گھی بنانے والی کمپنیوں کی مرحلہ وار چیکنگ کے لیے زون وائز ٹیمیں بنائی جائیں گی۔ زون ون میں لاہور ، گوجرانوالہ، زون ٹو میں ملتان ، ڈی جی خان اور بہاولپورمیں واقع فیکٹریاں چیک کی جائیں گی جبکہ زون تھری میں راولپنڈی ، سرگودھا جبکہ زون فور میں فیصل آباد اور ساہیوال میں کام کرنے والی فیکٹریاں چیک ہوں گی۔ انسپیکشن ٹیموں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی افسران کے علاوہ سائنٹیفک پینل اور پی وی ایم اے کے ممبران شامل ہوں گے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ اگلے 10دنوں میں تمام فیکٹریاں مرحلہ وار چیک کی جائیں گی اور تمام ضروری اصلاحات کے لیے فیکٹریوں کو مناسب وقت دیا جائے گا۔ اصلاحی عمل مکمل ہونے کے بعد تمام کوکنگ آئل اور گھی برانڈز کے دوبارہ سیمپل لیے جائیں گے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیمیں تمام سیمپل پی وی ایم اے کے نمائندوں کی موجودگی میں اٹھائیں گی جن کو عالمی معیار کی لیبارٹریوں سے چیک کروایا جائے گا۔ معیار پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے معیار اور کوالٹی سٹینڈرڈ کے علاوہ انسپیکشن چیک لسٹ بھی تمام کمپنیوں کے حوالے کر دی ہے۔

گھی ملز

مزید : علاقائی