میرا خواب ہے ہائیکورٹ کو اس بلندی پر لے جائیں کہ لوگ یہاں سیکھنے آئیں: چیف جسٹس منصور علی شاہ

میرا خواب ہے ہائیکورٹ کو اس بلندی پر لے جائیں کہ لوگ یہاں سیکھنے آئیں: چیف ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور مسٹر جسٹس سیدمنصور علی شاہ نے کہا ہے کہ ادارہ افراد سے بنا ہے، ہمارا مطمع نظرصرف اتنا ہے کہ اگر افراد جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط ہونگے تو ادارہ بھی مضبوط ہوگا۔چیف جسٹس نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں لاہور ہائی کورٹ کے افسران کی پرسنل اور پروفیشنل کپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں سب کچھ میرٹ پر چل رہا ہے، کسی کو نیچا دکھانے یا خود کو آگے لانے کیلئے ٹانگیں مت کھینچیں، ترقی کا جو وقت اللہ تعالی نے لکھ دیا ہے آپ کو اسی وقت ترقی ملے گی، ان کا کہنا تھا کہ سائلین کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور اپنی پریشانیوں کو سائیڈ لائن کر دیں، ہر فرد میرے لئے ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اپنی جسمانی صحت کو بہتر کریں، توند کم کریں اور خوشحال زندگی بسر کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام افسر میرے سٹارز ہیں اور میں چاہتا ہوں آپ میں مزید چمک آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس کے مندرجات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، کھانے پینے کا خیال رکھیں اور ورزش کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے نے تو چلتے رہنا ہے اگر آپ اپنا خیال نہیں رکھیں گے تو کوئی نہیں آپ کو پوچھے گا، اپنی سوچ کومثبت رکھیں گے تو بہتر انداز میں کام کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ کا اثر آپ کی ذاتی اور گھریلو زندگی پر بھی ہونا چاہیے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تربیتی کورس کے شرکاء نے شوکت خانم میموریل ہسپتال اور ڈیسکون کے دورے سے بہت کچھ سیکھا ہوگا، میرا خواب ہے کہ ہم عدالت عالیہ کو اس بلندی پر لے جائیں کہ لوگ عدالت عالیہ سے سیکھنے آئیں۔ تقریب کے اختتام پر تربیتی کورس کے شرکاء کو اسناد دی گئیں۔

مزید : صفحہ آخر