بھارت بنگلہ دیش کو ہرا کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پہنچ گیا
برمنگھم (سپورٹس رپورٹر) روہت شرما کی ناقابل شکست سنچری اور ویرات کوہلی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کو ہرا کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی، شکست کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کا چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے کا خواب ادھورہ رہ گیا، دفاعی چیمپئن بھارت کو ٹائٹل دفاع کیلئے 18 جون کو پاکستان کا چیلنج درپیش ہو گا، پاکستانی ٹیم ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی، بھارتی ٹیم نے 265 رنز کا ہدف 40.1 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 87 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اس کے بعد روہت نے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا اور دوسری وکٹ میں ناقابل شکست 178 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شرما 123 اور کوہلی 96 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، تمیم اور مشفق کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، تمیم 70 اور مشفق 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، سومیا سرکار صفر، صابر رحمان 19، شکیب الحسن 15، محموداللہ 21، مصدق حسین 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان مشرفی مرتضیٰ 30 اور تسکین احمد 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھنشور کمار، جسپریت بمرا اور کیدر جادھو نے 2، 2 اور روندرا جدیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 87 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، 87 کے مجموعی سکور پر مشرفی نے دھون کو آؤٹ کر کے پارٹنر شپ توڑی، دھون 46 رنز بنا کر چلتے بنے لیکن اس کے بعد روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور دوسری وکٹ میں 178 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اسی دوران روہت شرما نے اپنی سنچری اور کوہلی نے نصف سنچری مکمل کی، شرما 123 اور کوہلی 96 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، بنگلہ دیش کی جانب سے واحد وکٹ مشرفی نے حاصل کی۔