وزیر اعظم کی پیشی انصاف کی طرف اہم پیشرفت ہے،معراج الہدیٰ صدیقی

وزیر اعظم کی پیشی انصاف کی طرف اہم پیشرفت ہے،معراج الہدیٰ صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ احتساب سے کوئی بھی شخص بالاتر نہیں ہے، وزیر اعظم کی بطور مجرم پیشی انصاف کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ قوم کی نظر یں اب جے آئی ٹی پر لگیں ہوئی ہیں،امیراورغریب کے لیے یکساں قانون ہونا چاہئے۔ جے آئی ٹی کو دھمکیاں باعث تشویش اور اسٹیٹس کو کا خاتمہ نا گزیر ہے۔ رمضان کا مہینہ امت کے اتحاد و یکجہتی کا پیغام ہے اگر پورا سال رمضان کی طرح گذارا جائے تو انسان فرشتے اور دنیا جنت بن جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت احمد پیلس ٹنڈو آدم میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر عبدالغفور انصاری، عبدالعزیز غوری اور مشتاق عادل بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے مزید کہا کہ سندھ کے بجٹ میں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ کراچی سے کشمور پورا صوبہ لاوارثی اور موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے 9 سال دور اقتدار میں سندھ کے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کا آبائی ضلع سب سے زیادہ متاثر ہے۔کرپشن اور کرپٹ قیادت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف تحریک اب ہرپاکستانی کا نعرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتیں امت کے اندر انتشار پیدا کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں قطر اورخلیج کے عرب ممالک میں کشیدگی سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل دکھی ہیں۔ اس لئے امت مسلمہ کو امریکہ سامراج کی قیادت میں اسلام ومسلمانوں کے خلاف ہونے والی عالم کفر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول