شیڈول سے زائد بجلی بندش کا سلسلہ تھم نہ سکا، لوڈشیڈنگ سے روزہ دار اذیت کا شکار

شیڈول سے زائد بجلی بندش کا سلسلہ تھم نہ سکا، لوڈشیڈنگ سے روزہ دار اذیت کا شکار

ملتان، وہاڑی، رحیم یار خان، ڈہرکی‘ شاہ جمال (سٹاف رپورٹر، نمائندگان) تمام تر حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے بجلی کا بحران ختم نہ ہوسکا طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات کا شکار کر دیا ملتان سے سٹاف رپورٹر کیمطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے چھوٹے شہروں اور دیہات میں اعلان کردہ شیڈول سے زائد بجلی کی بندش کا سلسلہ تھم نہ سکاروزہ دار اذیت میں مبتلا ہو گئے۔ چھوٹے شہروں اور دیہات میں 6کی بجائے 8سے 10گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ رمضان المبارک میں حکومت کے دعووں کے برعکس ایک بھی روز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بجلی (بقیہ نمبر59صفحہ12پر )

فراہم نہیں کی جا سکی ۔ بجلی کی طلب کے مقابلے میں رسد بہتر نہیں ہو سکی ہے ۔رمضان المبارک میں ملتان سمیت میپکو ریجن میں بجلی کے بدترین بحران نے صارفین کو شدید اذیت اور کرب میں مبتلا کردیا ہے۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز تحصیل صدر مقامات سمیت دیہات بجلی کے بدترین بحران کا شکار ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے ساتھ شدید ٹرپنگ کے باعث صارفین بہت پریشان ہیں ۔ بیشتر فیڈرز پر ہر 10سے 15منٹ کے بعد ٹرپنگ کی شکایات ہیں ۔حکومت ، وزارت پانی وبجلی اور تقسیم کار کمپنی( میپکو) کے اعلانات صرف دعووں تک محدود ہوکررہ گئے ہیں ‘اب انٹرمیڈیٹ کے سالانہ پریکٹیکل متحانات ہو رہے ہیں‘ اس صورتحال میں شدید ٹرپنگ کے باعث طلبا وطالبات اذیت میں مبتلا ہیں ‘ دوسری جانب گزشتہ روز میپکو ریجن میں متعد د ٹرانسفارمرز جل گئے جس کے باعث صارفین اذیت میں مبتلا رہے ‘ بیشتر ٹرانسفارمرز کئی گھنٹے بعد تبدیل ہوئے ‘ دیہی علاقوں میں خراب ٹرانسفارمرز 24گھنٹے کے بعد بھی تبدیل نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں‘ اس صورتحال میں یو پی ایس چند گھنٹے کے بعد ہی جواب دے گئے اور گھروں میں پانی ختم ہو گیا ‘ گرمی سے بچوں اور مریضوں کی حالت غیر ہو گئی‘صارفین نے صورتحال پرشدید احتجاج کیا ہے ۔ وہاڑی سے بیورورپورٹ، نامہ نگار کیمطابق شدیدگرمی ور حبس ، رہی سہی کسر بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی شدید گرمی سے تین افراد بے ہوش ،ہوگئے ریسکیو1122کی ٹیموں نے متاثرین کو ڈی ایچ کیو ہسپتال شفٹ کردیابجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے نواحی علاقہ میں تین اراد عبدالمجید ، اصغر علی ، محمد طاہر کے گرمی کی شدت سے بیہوش ہونے کی اطلاعات ملی ہے جس پر عوامی وسماجی اور شہری حلقوں لیاقت علی ، ثناء اللہ ، محمد یٰسین ، منظور حسین، عبدالشکور ، محمد علی ، میاں عامر شہزاد ودیگر نے احتجاج کر تے ہوئے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جا ئے رحیم یار خان سے بیورونیوز کیمطابق حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کااعلان کیاگیاجس پرعوام میں خوشی کی لہردوڑگئی تاہم رمضان المبارک کے آغازکے ساتھ ہی حکومت نے بدترین لوڈشیڈنگ کے سابقہ تمام ریکارڈزکوتوڑدیااورعوام حکومت کوبدعائیں دینے لگی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہونے کے ساتھ ساتھ درزیوں کابھی کاروبارمکمل طور پرٹھپ ہوکررہ گیا ڈہرکی سے نامہ نگار کیمطابق ڈہرکی سمیت ضلع کے شہروں اورگردونواح کے علاقوں سرحد،میرپورماتھیلو،کٹا موہانہ،اوباڑو ،مرئد شاخ اور شہر کے مختلف علاقوں کے درجنوں شہری سیپکو کے ایس ڈی او اور دیگر عملہ کی بے حسی اور عید خرچی کے نام پر رشوت خوری کے خلاف دوسرے روز بھی روزے دار تپتی دھوپ میں سڑکوں پر نکل آئے میاں عبدالسمیع محلہ،سینما روڈ،امیربخش محلہ سمیت ڈہرکی کے دیگر کئی علاقوں کے جلے ٹرانسفارمررشوت نہ دینے پرگذشتہ دوہفتوں سے تبدیل نہ کیئے گئے جبکہ کٹا موہانہ ،سرحد علاقہ مکینوں محمد صدیق باجوہ ،ایڈوکیٹ محمد بشیر ،محمد علی ،عبدالرزاق،محمد الیاس قائم خانی اوردیگردرجنوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ عید قریب آتے ہی سیپکو عملداروں نے عید خرچی کے نام پررشوت نہ دینے والے درجنوں دیہات اور شہری علاقوں کی بجلی کی سپلائی بند کردی گئی ہے محمد صدیق باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے علاقہ سینما روڈ ،امیر بخش محلہ سمیت ڈہرکی شہر کے دیگرکئی علاقوں میں گذشتہ 15روز سے بجلی کے ٹرانسفارمردھماکوں کے ساتھ جل گئے ہیں ایس ڈی او سیپکو ڈہرکی سمیت دیگرعملہ کو کئی بار شکائت کی لیکن ہمیں کہا جا رہا ہے کہ تم لوگ جب تک عید خرچی کے علاوہ فی ٹراسفارمر کا 50ہزارسے70ہزار روپوں تک رشوت نہیں دو گے تو تمہارے ٹرانسفارمرتبدیل نہیں کیئے جائیں گے شاہجمال سے نمائندہ پاکستان کیمطابق شاہ جمال ،مہر پور،احمد موہانہ،احمد شاہ،عثمان کوریہ اور دیگ علاقوں میں نہ صرف طویل ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہے بلکہ وولٹیج انتہائی کم ہیں اور بار بار ٹرپنگ کی وجہ سے شہریوں کی لاکھوں مالیت کی الیکٹرک اشیاء جل گئیں ہیں جس پر شہریوں مرید حسین ندیم بھٹہ،واجد سانگی،ملک شہباز،ملک سجاد،ملک شعیب کالرو و دیگر نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

لوڈشیڈنگ

مزید : ملتان صفحہ آخر