وزیر اعلیٰ پنجاب جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے، کارکنوں کو جوڈیشل اکیڈمی آنے سے روک دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ، ان کے بیٹے حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ہفتہ کے روز پیشی کیلئے طلب کر رکھا ہے۔ جے آئی ٹی کے طلب کیے جانے پر وزیر اعلیٰ آج اسلام آباد پہنچگئے ہیں ، وہ اسلام آباد روانہ ہوتے وقت اہم دستاویزات اور ریکارڈ بھی ساتھ لے کر گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف بھی اپنے والد کے ہمراہ ہیں اور جے آئی ٹی میں وہ بھی ان کے ساتھ پیش ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک عام آدمی کی طرح جے آئی ٹی میں پیش ہونا چاہتے ہیں، انہوں نے کارکنوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وزرا، ارکان اسمبلی اور کارکنان ان کی پیشی کے موقع پر جے آئی ٹی میں نہ آئیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف جمعرات کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے تھے جہاں ان سے ساڑھے تین گھنٹے تک سوالات و جوابات کیے گئے ۔ جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی 24 جون کو طلب کر رکھا ہے تاہم کیپٹن صفدر نے جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے جے آئی ٹی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں موقف اپنایا ہے کہ وہ اگلے ہفتے عمرہ کیلئے جائیں گے اس لیے انہیں رواں ہفتے کسی روز طلب کیا جائے۔