اداکاری سے زیادہ مشکل کام لائیو شو کرنا ہے ،غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی :ساحر لودھی
لاہور ( این این آئی) اداکار ، پروڈیوسر و ٹی وی اینکر ساحر لودھی نے کہا ہے کہ اداکاری سے زیادہ مشکل کام لائیو شو کرنا ہے ، فلم اور ڈرامے کے دوران اگر غلطی ہو جائے تو سین کو ری ٹیک کر لیا جاتا ہے مگر لائیو شو کے دوران غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی ایک جملہ جو آپ کے منہ سے نکل جائے تو وہ واپس نہیں آسکتا اور کسی جملے کی وجہ سے آپ مزاق بھی بن سکتے ہیں۔
سوئزر لینڈ میں موجود گلوکار عاطف اسلم کو سحری کے لیے حلال کھانے کی تلاش میں سخت مشکل کا سامنا
تفصیلات کے مطابق ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ لائیو شو کی کامیابی شو کے میزبان ، پروڈیوسر کے ساتھ پوری ٹیم پر ہوتی ہے جو اس وقت کام کر رہی ہوتی ہے ، شو کے دوران اس کا موضوع سب سے اہم پہلو ہوتا ہے اور موضوع اس طرح کا ہونا چاہیے جس میں عوامی دلچسپی کا عنصر نمایاں ہو اور ٹی وی دیکھنے والے لوگ توجہ سے آپ کے شو کو دیکھیں تو یہی آپ کی کامیابی ہوتی ہے ۔ ساحر لودھی نے کہا کہ اس وقت مختلف نجی ٹی وی چینلز سے کئی شوز جاری ہیں مگر ریٹنگ اسی شو کی سب سے زیادہ آتی ہے جس کا موضوع عوامی امنگوں کے مطابق ہو ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے پہلے ایک فلم بنائی تھی جو مناسب بزنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی اور اب میں اپنے پرستاروں کے لئے ایک نئے فلمی پراجیکٹ پر کام شروع کر رہا ہوں جس میں فلم انڈسٹری کے سینئر اداکاروں کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے گا جس کا واحد مقصد سینئر اداکاروں کا خلا پر کرنا ہے ۔