قتل، اغواء، تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث20ملزم گرفتار

  قتل، اغواء، تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث20ملزم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لا ہو ر(کر ائم رپو رٹر)صدر ڈویژن انویسٹی گیشن پولیس نے قتل، اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث20ملزمان گرفتار کرکے ایک کروڑ 93لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، ڈالرز،موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔اِن خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس جرائم پیشہ عناصرکی سرکوبی اور انہیں جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ گرین ٹاؤن کے سب انسپکٹر اورنگزیب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف ذرائع سے حاصل ہونیوالی معلومات سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے سگے بیٹے 8سالہ داؤد کو قتل اور6 سالہ یشوا کو شدید زخمی کرنیوالے 2ملزمان والد پرویز عرف راجو اوراس کی سوتیلی ماں مسماۃ کلثوم کو24گھنٹے میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم پرویز نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور وہ اپنی دوسری بیوی کے ساتھ شیخوپورہ میں رہائش پذیر تھا اورپہلی بیوی کے بچوں کو بھی اپنے ساتھ سوتیلی ماں کے پاس رکھا ہوا تھا۔بچے اپنی ماں کے پاس لاہور جانے کی ضد کر رہے تھے کہ ملزم نے طیش میں آکر دونوں بچوں کو ڈنڈے سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایک بچہ ہلاک اور دوسری شدید زخمی ہو گیا۔ ایس پی راشد ہدایت نے کہا کہ اسی ٹیم نے ہی سید الماس شاہ کونوک دار آلہ سے قتل جبکہ امیر حسین کو زخمی کرنے والے 8ملزمان محمد عاصم، عثمان مسیح، ساحل عرف وکی، ارشد مسیح، حنیف مسیح، ریحانہ، ساجدہ اور آسیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انچارج انویسٹی گیشن جوہر ٹاؤن نے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے 14سالہ بچے عادل حسین کو بازیاب کر وا کر 3ملزمان رزاق عرف میجر، شفقت رسول اور مسعود علی کو گرفتار کیا۔ایس پی صدر انویسٹی گیشن راشد ہدایت نے مزید بتایا کہ ڈویژن کی مختلف تھانوں کی انویسٹی گیشن ٹیموں نے کاروائی کرتے ہوئے دوران واردات سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے سمیت ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث3ڈکیت گینگز کے7ملزمان ساجد، محمود علی عرف میجر، ناصر عرف ناصری اور ندیم عباس وغیرہ کو گرفتار کرکے ان سے ایک کروڑ 93لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، ڈالرز،موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور بھاری مقدار میں ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔آخر میں ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت نے خطرناک ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔

مزید :

علاقائی -