وہ پاکستانی جسے مہندر سنگھ دھونی گزشتہ 8 سال سے مسلسل میچ کی مفت ٹکٹیں بھیج رہے ہیں

وہ پاکستانی جسے مہندر سنگھ دھونی گزشتہ 8 سال سے مسلسل میچ کی مفت ٹکٹیں بھیج ...
وہ پاکستانی جسے مہندر سنگھ دھونی گزشتہ 8 سال سے مسلسل میچ کی مفت ٹکٹیں بھیج رہے ہیں

  


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی بلے باز مہندر سنگھ دھونی کرکٹ کی دنیا کے معروف ترین سٹارز میں سے ایک ہیں جن کے مداح پوری دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں ہیں جو ان کے میچ دیکھنے کے لیے مہنگے ترین ٹکٹ بھی خرید کر سٹیڈیم پہنچتے ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ مہندر سنگھ دھونی خود اپنے ایک پاکستانی مداح کو گزشتہ 8سال سے میچز کے ٹکٹ مفت بھیج رہے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ شخص پاکستانی نژاد امریکی شہری محمد بشیر ہے جو کرکٹ کے شائقین میں ’چاچا شکاگو‘ کے نام سے معروف ہے اور کرکٹ میچز کے دوران عموماً پاکستان اور بھارت دونوں کے قومی پرچموں کے رنگ کا لباس پہنتا ہے۔

چاچا شکاگو ، امریکی شہر شکاگو میں رہتے ہیں اور وہاں ایک ریسٹورنٹ کے مالک ہیں۔ ان دنوں بھی وہ ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔ دھونی کے ساتھ تعلق کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ”دھونی نے اب تک میرے لیے جو کچھ کیا وہ دنیا میں شاید ہی کسی کھلاڑی نے اپنے کسی مداح کے لیے کیا ہو۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔ ان کے ساتھ میری پہلی ملاقات 2011ءکے ورلڈ کپ میں ہوئی اورمیں ان کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ میں گزشتہ روز یہاں پہنچا ہوں، یہاں لوگ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے 800سے 900پاﺅنڈ میں ٹکٹ خرید رہے ہیں لیکن مجھے یہ ٹکٹ ایم ایس دھونی نے دیا ہے۔

محمد بشیر کا کہنا تھا کہ ”ایم ایس دھونی بہت مصروف انسان ہیں مگر میرے لیے وہ زیادہ مصروف نہیں ہیں، میں جب چاہوں ان کے ساتھ میسجز کے ذریعے رابطہ کرتا ہوں اور وہ مجھے جواب دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق محمد بشیر کو اپنے ملک سے اور اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم سے بہت محبت ہے لیکن وہ بھارتی ٹیم اور بالخصوص مہندر سنگھ دھونی کے لیے بھی دل میں ایک نرم گوشہ رکھتا ہے۔ وہ مہندر سنگھ دھونی کو پاکستان اور بھارت کے مابین امن کا سفیر قرار دیتا ہے۔

مزید : کھیل