بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے ملکر حکومت کیخلاف بڑا اقدام کرنے کا اعلان کردیا

بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے ملکر حکومت کیخلاف بڑا اقدام کرنے کا اعلان ...
بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے ملکر حکومت کیخلاف بڑا اقدام کرنے کا اعلان کردیا

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیاہے ، مریم نواز کے ساتھ ملکر اتفاق کیاہے کہ پارلیمنٹ میں بجٹ کوروکیں گے ، بی بی کی سالگرہ پر نواب شاہ میں جلسہ ہوگا ، وہیں سے تحریک شروع کریں گے، ایک سازش کے تحت عدلیہ پر حملہ کیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بجٹ پاس نہیں ہونے دینگے اور بجٹ کوروکیں گے ، حکومت نے امیروں کوریلیف دیاہے اور غریبوں کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبو ں کے مزدوروں ، دکانداروں اور غریب عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے ، یہ اتنا برا بجٹ ہے کہ اس میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے ۔ مریم نواز سے ملاقات میں اتفاق ہواہے کہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے ، کٹھ پتلی حکومت کوعوام کے سامنے جوابدہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی کی سالگرہ پر نواب شاہ میں جلسہ ہوگا ، وہیں سے تحریک شروع کریں گے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اپنے نظریات ہیں لیکن اس وقت پاکستان کے عوام کے جو مسائل ہیں ، اس وقت ہم نے ملکر پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں ، اس کے لئے مجھے جس پارٹی سے بات کرنا پڑی میں بات کروں گا ۔

بلاول نے کہا کہ ہم نے ایک لمبی اننگ کھیلنی ہے ، ایک لمبی سیاست کرنی ہے ، اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ مریم نواز شریف بھی اسی خواب کیلئے جدوجہد کرنا چاہیں گی جس خواب کیلئے بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے بھی موقع دیا اور اب بھی دے رہا ہوں، حکومت کو اپنا بجٹ تبدیل کرنا چاہئے اور عوام کوریلیف دیناچاہئے ، اگر یہ حکومت اپنا بجٹ تبدیل نہیں کرتی تو پھر پیپلز پارٹی اپنا بجٹ پیش کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ الزام تراشی اور سیاست چلتی رہے گی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اپنی اپنی سیاسی سوچ ہے لیکن ہم نے ایک طریقہ اختیار کرنا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک کیلئے سب نے کام کرناہے ۔

مزید : اہم خبریں /قومی