’میں بطور آل راﺅنڈر کرکٹ کھیلا کرتی تھی‘ فردوس عاشق اعوان نے یہ دعویٰ کیا تو حامد میر اور فواد چوہدری بھی میدان میں آگئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرا عظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بطور آل راﺅنڈر کرکٹ کھیلا کرتی تھیں، ان کے اس دعویٰ کا سینئر صحافی حامد میر اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ڈھکے چھپے انداز میں تمسخر اڑایا ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بطور کرکٹ تجزیہ کار پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام میں شرکت کی۔ حامد میر نے ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان کی پروگرام میں شرکت کے سکرین شارٹس شیئر کیے اور انہیں ’ نئی کرکٹ ایکسپرٹ‘ قرار دے دیا۔
حامد میر کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بطور آل راﺅنڈر کرکٹ کھیلا کرتی تھیں۔ ” عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ’ میں نے احسان مانی سے بطور کرکٹر ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں اس کھیل کو بہتر بنانے کے مشورے دیے“۔
حامد میر کی جانب سے یہ ٹویٹ کیا گیا تو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی میدان میں آگئے۔ انہوں نے کہا ’ یہ فوٹو شاپ کا کمال ہے، یہ سچ نہیں ہوسکتا‘۔ فواد چوہدری نے فردوس عاشق اعوان کی ٹرولنگ کے دوران سوالیہ نشان کا بھی استعمال کیا جس سے یہی لگتا ہے کہ انہوں نے معاون خصوصی اطلاعات کا تمسخر اڑانے کی کوشش کی ہے۔