مریم نواز اور بلاول بھٹو کے سامنے کٹھ  پتلی حکمران نہیں ٹھہر سکیں گے:شیخ آفتاب احمد

مریم نواز اور بلاول بھٹو کے سامنے کٹھ  پتلی حکمران نہیں ٹھہر سکیں گے:شیخ ...
مریم نواز اور بلاول بھٹو کے سامنے کٹھ  پتلی حکمران نہیں ٹھہر سکیں گے:شیخ آفتاب احمد

  


اٹک(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مریم نواز کی بلاول بھٹو زرداری کو اپنے گھر دی جانے والی دعوت اور اُن کی شرکت پاکستان کی سیاسی تاریخ کا دھارا تبدیل کر دے گی، دونوں جماعتوں کے رہنما نوجوان اور سیاسی امور پر اپنی مضبوط گرفت ثابت کر چکے ہیں، ان دونوں رہنماؤں کی باہمی مشاورت سے طے پانے والے معاملات کے سامنے کٹھ  پتلی حکمران نہیں ٹھہر سکیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تبدیلی کے خواب دکھا کر  قوم کو فاقوں پر مجبور کر دیا ہے،حکمرانوں کو علم ہونا چاہئے کہ خیالی اور جھوٹی کہانیوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، لوگ جھوٹی کہانیوں کے بجائے عملی اقدامات اور ریلیف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ، مشرف جیسے آمر سے زیادہ طاقتور نہیں ہیں جو مکے لہراتا تھا اور سیاست میں سے شریف خاندان کو مٹانے کے منصوبے پر اپنا پورا زور لگا کر بھی ناکام رہا ،آج وہ خود پاکستان نہیں آ سکتا کیونکہ اسے پتا ہے آرٹیکل 6 کیا ہے اور اس کی سزا کیا ہو سکتی ہے؟عمران خان شریف خاندان یا بھٹو و زرداری خاندان کو سیاست سے ختم کرنے کا سوچنے کے بجائے ملک و قوم کی خیر خواہی کا سوچیں۔

شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عائد کردہ ٹیکس سے غریب عوام براہ راست متاثر ہو گی،بدترین معاشی حالات میں ملک کو دھکیل کر بھی عمران خان لوگوں کو وہی پرانی رام کہانیاں سنا کر جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں بار بار این آر او نہ دینے کا اعلان کرنے سے بہتر ہے عمران خان اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کریں اور قوم کو اس شخص کے نام سے آگاہ کریں جو ان سے این آر او کی درخواست کر رہا ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /اٹک