بجٹ کے اثرات، سٹاک مارکیٹ میں مندی، انڈیکس میں 786.72پوائنٹس کمی، ڈالر بھی مہنگا

بجٹ کے اثرات، سٹاک مارکیٹ میں مندی، انڈیکس میں 786.72پوائنٹس کمی، ڈالر بھی ...

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد پیر کوپہلے ٹریڈنگ سیشن میں مندی چھائی رہی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے حصص فروخت کا دباوٗ دیکھنے میں آیا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 34ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 786.72پوائنٹس کی کمی سے33824.51پوائنٹس کی سطح پر آگیا اور70.42فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 27ارب18کروڑ24لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت47.75فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 355کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 84کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،250میں کمی اور21میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت65کھرب45ارب35کروڑ10لاکھ روپے سے گھٹ کر64کھرب18ارب16کروڑ86لاکھ روپے ہوگیا۔عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 24ڈالر کی کمی آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت200روپے کی کمی سے 98ہزارروپے ہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کو عالمی گولڈٖ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت24ڈالر کی کمی سے1712ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ قیمت 200روپے کی کمی سے 98ہزارروپے اور 10گرام سونے کی قیمت172روپے کی کمی سے84019روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 1050روپے برقرار رہی۔مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر165روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ دیگر کرنسیوں میں یورو اوریوے ای درہم کی قدر مستحکم رہی جب کہ برطانوی اپونڈ کی قدر میں 50پیسے کی کمی اور سعودی ریال کی قدر میں 5پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید70پیسے کے اضافے سے164.10روپے سے بڑھ کر164.80روپے اور قیمت فروخت50پیسے کے اضافے سے164.40روپے سے بڑھ کر164.90روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید40پیسے کے اضافے سے164روپے سے بڑھ کر164.40روپے اور قیمت فروخت164.50روپے سے بڑھ کر 165روپے ہوگئی

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -