کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا: عثمان بزدار

  کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا جیسی وباء نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا، معیشت کو بھی نقصان پہنچا،محاصل اور اخراجات میں عدم توازن پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں اضافہ کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ مون سون سیزن شروع ہونے والا ہے اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔پنجاب حکومت نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ضروری اقدامات کیلئے ہدایات دے دی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈینگی کا خدشہ بھی موجود ہے، اس ضمن میں حکومت الرٹ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے اراکین اسمبلی، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کورونا سے متاثرہ اراکین اسمبلی، ہیلتھ پروفیشنلز اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔دریں اثناء صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئے مالی سال کا بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے جبکہ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔ اپوزیشن نے کورونا وباء کے دوران بھی صرف واویلا کیااورعوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 32 ویں، 33 ویں اور 34 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لیجسلیٹو بزنس کے 23 ویں، 24 اور 25 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صرف معطلی سے کام نہیں چلے گا، تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق نوجوان کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سبزہ زار کے علاقے میں ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے نوجوان کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کے قریب موٹروے ایم فور پر گاڑی میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے باعث جھلسنے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گاڑی میں آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -