ایم پی اے ثمر ہارون بلور سے تاجر اتحاد کے صدر مجیب الرحمان کی ملاقات

ایم پی اے ثمر ہارون بلور سے تاجر اتحاد کے صدر مجیب الرحمان کی ملاقات

  

پشاور(سٹی رپورٹر)تاجر اتحاد خیبر پختونخوا کے صدر مجیب الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تاجر رہنماء مجیب الرحمان نے ثمر ہارون بلور کیساتھ لاک ڈاؤن اور حالیہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ وفاقی بجٹ نے تاجروں کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ہے حکومت کو چاہئے کہ تاجروں کو بلا سود قرضے فراہم کرنے سمیت پروفیشنل ٹیکس اور دیگر تمام ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں اور جو تاجر سرکاری جائیدادوں میں کاروبار کرتے ہیں ان کے کرائے معاف کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے اس وبائی صورتحال میں تاجروں کو بلا سود قرضے فراہم نہ کئے گئے تو چھوٹے تاجر اپنے کاروبار چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے تاجروں پر لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی آڑ میں بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں جس کے باعث ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں پر مناسب جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبر صوبائی اسمبلی و ترجمان عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا ثمر بلور سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے مل کر تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائے تاکہ تاجروں کو ریلیف مل سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -