قومی اسمبلی میں ہلڑ بازی اور گالم گلوچ کرنے والے 7 اراکین کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا

قومی اسمبلی میں ہلڑ بازی اور گالم گلوچ کرنے والے 7 اراکین کے خلاف بڑا قدم اٹھا ...
قومی اسمبلی میں ہلڑ بازی اور گالم گلوچ کرنے والے 7 اراکین کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز اجلاس میں ہلڑ بازی اور گالم گلوچ کرنے والے 7 اراکین اسمبلی کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنے والے حکومتی اراکین علی نواز اعوان، عبد المجید خان اور فہیم خان شامل ہیں جن پر قومی اسمبلی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد ہوگی، جب کہ اپوزیشن ارکان میں سے شیخ روحیل اصغر، آغا رفیع اللہ، حامد حمید اورعلی گوہر خان پر قومی اسمبلی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوان کا تقدس پامال کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ داخلے پر پابندی تاحکم ثانی عائد رہے گی ۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور  ایک دوسرے پر حملوں کے علاوہ گالم گلوچ پر تمام حلقوں میں شدید دکھ اور تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا ہے۔قومی اسمبلی میں گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی پر بات چیت کے لئے وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ملاقات کے لیے بلایا اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں اسد قیصر کی زیر صدارت تحقیقاتی اجلاس بھی ہوا، جس میں ڈپٹی اسپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی شریک تھے، اجلاس میں ایوان میں ہنگامہ آرائی کی فوٹیجز اور شواہد کا جائزہ لیا گیا۔سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے ارکین کو اجلاس میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں میں حکومتی وزراء اور سنئیر ممبران بھی شامل تھے۔

 ۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -