مفتی عزیز الرحمان کی شاگرد سے بد فعلی، جے یو آئی کا موقف بھی آگیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپنے شاگرد سے بدفعلی کرنے والے جمعیت علماء اسلام ف (جے یو آئی) کے رہنما مفتی عزیز الرحمان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جے یو آئی لاہور کے سیکرٹری جنرل نے مفتی عزیز الرحمان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بتایا کہ ان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے پارٹی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے صدر میں واقع مدرسے کے معمر استاد مفتی عزیز الرحمان کی اپنے شاگرد کے ساتھ بدفعلی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں انتظامیہ نے مدرسے سے نکال دیا تھا۔
بعد ازاں مفتی عزیز الرحمان نے ایک ویڈیو پیغام میں فحش ویڈیو کو اپنے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہیں نشہ دے کر یہ ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی۔ وضاحتی بیان سامنے آنے کے بعد مفتی عزیزالرحمان کی مزید فحش ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب وائرل ویڈیو پر پولیس نے ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پولیس نے مدرسے میں چھاپہ بھی مارا ہے تاہم مفتی عزیزالرحمان اور متاثرہ طالب علم صابر شاہ میں سے کوئی بھی وہاں موجود نہیں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر متاثرہ طالب علم نے درخواست نہ دی تو پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایکشن لے گی۔