پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ، وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا تو سامنے لائیں ، سراج الحق کا چیلنج

پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ، وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا ...
پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ، وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا تو سامنے لائیں ، سراج الحق کا چیلنج

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ہوگئی،عوامی نمائندوں کو عوام کا احساس ہو تو اسمبلیاں میدان جنگ میں تبدیل نہ ہوں ،سیاست سے اخلاقیات کب کی روانہ ہوچکی ،حکومت نے تین سالوں میں بائیس کروڑ پاکستانیوں کومصیبت اور پریشانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں ،بے روزگاری کا طوفان بے قابو اور مہنگائی نے لوگوں کو بدحال کردیا،غریب اورمڈل کلاس طبقہ بدترین حالات میں زندگی گزارنےپرمجبورہے،بجٹ کےدو دن بعد عوام پر پٹرول بم گرادیا گیا،یہی ڈگرچلتی رہی توپٹرول کی فی لٹرقیمت 150 روپے تک جانے کا خطرہ ہے ،حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرے ورنہ سڑکوں پر آئیں گے، پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی کمزور ی اور بے بسی کا نشان بن کر رہ گئی، پھر کہتاہوں کشمیر پر سودے بازی کا مقابلہ کریں گے،اجتماعی اور انفرادی طور پر رجوع الی اللہ کرنے کی ضرورت ہے، لوگ سیرت نبویﷺ کا مطالعہ اور اس کی پیروی کریں، مشکلات کے بعد آسانی کے دروازے کھلتے ہیں،یقین سے کہتاہوں پاکستان کی مشکلات ختم ہو جائیں گی،جماعت اسلامی عوام کی مدد سے ملک میں نظام مصطفی ﷺ لائے گی ۔

 منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئےسراج الحق نے کہاکہ بائیس کروڑ عوام میں سےنوے فیصد سے زیادہ کے لیےآئےروزمشکلات اور پریشانیاں بڑھ رہی ہیں،ملک کے ریسورسز پر قابض دو تین فیصد طبقہ نے عوام کےوسائل ہڑپ کررکھےہیں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سےجان چھڑائےبغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں سرمایہ داروں اور فیوڈل لارڈزکے کلب ہیں،پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے کیے مگر ان میں سے ایک بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا ، تین سال گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی اکثریت بھی یہ بات کہنے پر مجبور ہے کہ الیکشن میں ان سے غلطی ہوئی،پی ٹی آئی نےحکومت بنانے کےبعد نہ صرف سابقہ ادوار کےتسلسل کوبرقراررکھابلکہ بعض معاملات میں نااہلی کےپرانےریکارڈبھی توڑ دیے، اس وقت عوام تاریخی مہنگائی کی زد میں ہیں، نوجوان مستقبل سے مایوس نظر آرہےہیں،تاجر چھوٹے کاروباری حضرات بھی پریشان ہیں اورسرکاری ملازمین بھی حالات کے تھپیڑوں کی زد میں ہیں،وزیراعظم کے ارد گرد وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج ہے جن کا کام اسمبلیوں اور ٹی وی سکرینوں پر ہلڑ بازی اورلفظی گو لا باری کرناہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کے حل کے لیے حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست قائم کرنے کی ضرورت ہے ،وزیراعظم نے مدینہ کی ریاست کے نام پر عوام سے بڑا دھوکہ کیا جس کا جواب انہیں دینا پڑے گا ۔

سراج الحق نے کہاکہ اسلام نے معیشت ، عدالت ، صنعت و حرفت ، زراعت اور سماجی زندگی کے تمام پہلوؤں پر رہنمائی فرمائی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں وہ نظام لاگو ہو ،جس کی خاطر اس ملک کا قیام عمل میں آیا تھا ، جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں ملک میں پائیدار اسلامی جمہوری نظام لے کر آئے گی، اقتدار میں آکر انصاف لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے اور ملک کے تمام اداروں میں ریفارمز لائی جائیں گی۔

مزید :

قومی -