گندی گالیوں کو پنجاب کا کلچر قرار دینے والے ن لیگی اراکین یاد رکھیں ،اگر باز نہ آئے تو ۔۔۔تحریک انصاف کے رہنما نے بڑی دھمکی دے دی 

گندی گالیوں کو پنجاب کا کلچر قرار دینے والے ن لیگی اراکین یاد رکھیں ،اگر باز ...
گندی گالیوں کو پنجاب کا کلچر قرار دینے والے ن لیگی اراکین یاد رکھیں ،اگر باز نہ آئے تو ۔۔۔تحریک انصاف کے رہنما نے بڑی دھمکی دے دی 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نارکوٹیکس کنٹرول کمیٹی حکومت پنجاب کے چیف کو آرڈی نیٹر چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی بدعنوانیوں، منی لانڈرنگ، احتساب سے بچنے اور این آر او لینے کیلئے نان ایشوز کو ایشو بناکر انتشار وافراتفری پھیلا رہی ہے،قومی اسمبلی میں طوفان بدتمیزی مچانے اور گندی گالیوں کو پنجاب کا کلچر قرار دینے والے شیخ روحیل اصغر سمیت ن لیگی رہنماؤں نے معزز ایوان کے تقدس کو پامال کیا ہے ،پوری قوم ایوان کو مچھلی منڈی بنانے والوں کے مکروہ چہرے پہچان چکی ہے ،اپوزیشن کی غنڈہ گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا کہ اب عوام ان جمہوری مداریوں کی ریشہ دوانیوں کو سمجھ چکے ہیں، ان کی سیاست اصولی نہیں حصول مفادات اور اقتدار بن چکا ہے،یہ سب  احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے ایک دوسرے کا کندھا لینے پر مجبور ہو چکے ہیں ، صرف عوام کو نعروں سے دھوکہ دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مورثی سیاست دانوں اور مفاد پرستوں کے ٹولے نے ماضی میں ملک وقوم کے وسائل کو جس بے دردی سے لوٹا ، آج تک قوم ان کے کرپشن کی سزابھگت رہی ہے، جب یہ اقتدار کے ایوانوں میں تھے تو قوم ان کو یاد نہ تھی،اقتدارسےدورہوتےہی انکو قوم کی فکر لاحق ہوئی،اب یہ عوام کو مزید اندھیرے میں نہیں رکھ سکتے۔

چوہدرہ فواد رسول بھلر نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ ایوان کے تقدس کو مجروح کیا ہے ،باقاعدہ ایک پلاننگ کے ساتھ ایوان میں غنڈہ گردی کی گئی ،ہم کسی کی بدمعاشی برداشت نہیں کریں گے ، ن لیگ کے اراکین قومی اسمبلی ’گلی کے غنڈوں‘جیسا رویہ رکھے ہوئے ہیں ،تحریک انصاف کے اراکین نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ،اگر ن لیگ کے اراکین نے بدمعاشی ترک نہ کی تو ایوان سے باہر ’تماشہ‘ لگا کر دیکھ لیں ،انہیں چھٹی کا دودھ یاد کرا دیں گے ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -