نواز شریف میرا قائد،مسلم لیگ (ن) کو نہیں چھوڑ رہا،برجیس طاہر
سانگلا ہل(تحصیل رپورٹر)مسلم لیگ ن کے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی طرف سے پارٹی چھوڑنے کے بعد میاں نواز شریف کے معتمد ساتھیوں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سابق وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر، سابق وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق اور دیگر قائدین کے پارٹی چھوڑنے کی افواہیں شدت اختیار کر گئیں،جس پر سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے افواہوں پر اپنے رد عمل میں کہا کہ میاں نواز شریف میرے قائد ہیں اور مسلم لیگ ن میرا گھر ہے،مسلم لیگ ن کو نہیں چھوڑ رہا، ایسی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ پارٹی ماں ہوتی ہے،ماں کو بدلا نہیں جاسکتا۔پارٹی کو چھوڑنا ماں کو چھوڑنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ملکی تعمیر و ترقی کیلئے جو کاوشیں کی ہیں وہ بھلائی نہیں جا سکتیں،میرے حلقہ پر میاں نواز شریف کے بہت احسانات ہیں،میں اور میرے حلقہ کے عوام احسان فراموش نہیں ہیں۔